منگلورو، 18 / جولائی (ایس او نیوز) دکشن کنڑا اور اڈپی ضلع میں موسلا دھار برسات کا ابھی بھی جاری ہے جسے دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے آج 18 اور 19 جولائی کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔
موصولہ رپورٹس کے مطابق کل بدھ کے دن بھی دونوں اضلاع میں زبردست بارش ہوئی ہے اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ دو دنوں تک یونہی جاری رہنے کا امکان ہے ۔
بھاری برسات کو دیکھتے ہوئے دکشن کنڑا کے پانچ تعلقہ جات پتور، بنٹوال، بیلتنگڈی، سولیا اور کڈبا میں آنگن واڑی مراکز، اسکولوں اور پی یو کالجوں کو آج چھٹی دی گئی ہے جبکہ منگلورو، الال، موڈ بیدری اور مولکی میں اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں ۔
اڈپی ضلع کے بیندور اور ہیبری کے تحصیلدار نے یہاں موسلا دھار بارش کے پیش نظر آنگن واڑی مراکز، اسکولوں اور پی یو کالجوں کو آج چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے اعلامیہ کے مطابق ساحلی علاقے میں 35 تا 45 کلو میٹر کی رفتار کی تیز ہوائیں چلیں گی ۔ محکمہ کی طرف سے کاروار، ہوناور، بھٹکل، گنگولی، ملپے، منگلورو اور پانمبوربندرگاہوں پر تیسرے درجے کا الرٹ نوٹس جاری کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔
ندیوں میں طغیانی اور گھروں کو نقصان :گھاٹ کے علاقے میں بھاری برسات کی وجہ سے ضلع کی نیتراوتی، مورتونجے ، کوسمادھارا، سوماوتی ، پھالگونی جیسی ندیوں، نہروں اور جھیلوں میں طغیانی آئی ہے - کئی گھروں کو نقصان پہنچنے کی خبریں مل رہی ہیں ۔ دو ایک مقامات پر چٹانیں کھکسنے اور اس کی وجہ سے بعض گھروں کو نقصان پہنچنے کے بھی واقعات پیش آئے ہیں ۔
ہائی وے ندی میں تبدیل : بیلتنگڈی میں کل بھاری برسات کی وجہ سے گرو واینکیرے - شکتی نگر کے قریب ہائی وے پر اس قدر پانی بہنے لگا کہ وہ علاقہ ندی میں تبدیل ہوگیا ۔ اس سے ایک ٹریفک موٹر سواروں کے لئے دشواری پیش آئی تو دوسری طرف سڑک کنارے ہیلمیٹس اور رین کوٹس وغیرہ کی دکانیں لگانے والوں کا بہت سارا سامان پانی میں بہہ گیا ۔
اسی طرح منگلورو - ویلوپورم نیشنل ہائی وے پر اوجیرے کے مقام پر کئی گھنٹوں تک بڑی مقدار میں پانی بہتا رہا اور وہاں کی دکانوں میں بھی گھس گیا ۔ بعض جگہوں پر سڑکوں کی مرمت اور توسیع کا کام جاری رہنے کی وجہ سے کیچڑ اور مٹی میں موٹر گاڑیاں پھنسنے اور ٹریفک میں خلل پیدا ہونے کے معاملے پیش آئے ۔
چارمڑی، ککنجے، مونڈاجے، اوجیرے ، بیلتنگڈی کی سمت میں تقریباً 30 کلو میٹر تک کے علاقہ میں سڑکوں پر پانی بہنے لگا اور راستے ندیوں میں تبدیل ہوگئے ۔
کنداپور تعلقہ میں چٹانیں کھسکنے واقعات : کنداپور اور بیندور تعلقہ کے کئی مقامات پر چٹانیں کھسکنے اور درختوں کے گھروں پر گرنے سے نقصانات کی خبریں ملی ہیں ۔ بیندور تعلقہ کے سومیشور کے پاس چٹان کھسکنے کا معاملہ پیش آیا ۔ سداپور- ہوسانگڈی روڈ پر ہولیکل بالیبرے گھاٹ علاقے میں جگہ جگہ چٹانیں کھسکنے کے بعد تودے سڑک پر گر گئے جس سے اس راستے پر آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔ جس کے بعد متعلقہ محکمہ کی طرف سے ملبے کو ہٹانے کی کارروائی انجام دی جا رہی ہے ۔
کنداپور کے کھاروی کیری میں ایک بڑا ناریل کا درخت گھر پر گرنے سے گھر کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور گھر کے تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لئے تعلقہ سرکاری ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے ۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر اڈپی ضلع میں 16 گھروں کو نقصان پہنچنے کے معاملے پیش آئے ہیں ۔ اس کے علاوہ زرعی اور باغبانی فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچنے کے 19 معاملے پیش آئے ہیں ۔